Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کیلئے 3465تا 11905ریال کے حج پیکیجز کا اعلان

مکہ مکرمہ .... وزارت حج و عمرہ نے 1439ھ کے حج کیلئے داخلی معلمین کو نئی فیسوں سے آگاہ کردیا۔ ایک حج پیکیج” الحج المیسر“ کے نام سے ہوگا۔ اس کی فی کس فیس 3465ریال ہوگی۔ سب سے مہنگا پیکیج جمرات کے پل سے متصل ”ابراج“کے رہائشیوں کیلئے ہوگا۔ 11905ریال ایسے عازمین حج سے لئے جائیں گے جو مذکورہ 6ٹاورز میں سے کسی ایک میں رہائش پسند کرینگے۔ وزارت نے واضح کیاکہ فیس ادا کرنے سے قبل ریزرویشن کی منسوخی مفت ہوگی جبکہ ادائیگی کے بعد اجازت نامہ کے اجراءسے قبل فی حاجی یکم ذی الحجہ تک68.25ریال فی حاجی وصول کئے جائیں گے جبکہ حج کے معاہدے کی قیمت کا 30فیصد ذی الحجہ کی دوسری تاریخ اور 40فیصد 3ذی الحجہ، 50فیصد 4ذی الحجہ، 5 ذی الحجہ کو 60فیصد اور 6 ذی الحجہ کو70فیصد اور 7ذی الحجہ کو سوفیصد کٹوتی ہوگی۔ علاوہ ازیں آن لائن سروس فیس 68.25ریال وصول کئے جائیں گے۔ 7.35ریال بینک ٹرانسفر فیس بھی وصول کی جائیگی۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ الحج المیسر پروگرام کے تحت امسال 10ہزار افراد حج کرسکیں گے۔ وزارت حج نے توجہ دلائی ہے کہ الحج المیسر پیکیج حاصل کرنے والوں کو ترویہ اور تشریق کے ایام میں منیٰ کے اطراف محلوں میں ٹھہرایا جائیگا۔ انہیں تشریق کے ایام میں مشاعر مقدسہ ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔ وزارت نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کسی داخلی حج کمپنی نے مقررہ خیمے سے انحراف کیا تو ایسی صورت میں اسکا ایک پوائنٹ کاٹ لیا جائیگا اور آئندہ برس اس کی نئی درجہ بندی ہوگی۔ خیموں سے معذرت کی آخری تاریخ 20شوال مقرر کردی گئی۔ وزارت حج نے اس امر پرزور دیا ہے کہ تمام داخلی عازمین خیمے کا 75فیصد رقبہ رہائش کیلئے استعمال کرسکیں گے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شخص نے وزارت داخلہ سے حج اجازت نامہ نہ ملنے پر حج کا پروگرام منسوخ کیا تو ایسی صورت میں 26.25ریال دیئے جائیں گے۔
 

شیئر: