فلپائن کے ساحل پر انتہائی قوی الجثہ پراسرار آبی جانور
منیلا ....فلپائن کے اورینٹل مینڈورو صوبے کے شہر سان انتونیو کے ساحل پر حسب معمول جب صبح سویرے کچھ لوگ چہل قدمی کیلئے نکلے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ساحل پر ایک انتہائی قوی الجثہ آبی جانور پراسرار حالت میں موجو دہے۔ اتنے بڑے جانور کو علاقے کے لوگوں نے اس سے قبل نہیں دیکھاتھا اسلئے اس انتہائی بڑے آبی جانور کی ساحل پر نظر آنے پر لوگوں کی بھیڑ لگ گئی۔ میرین ڈپاٹمنٹ کے عہدیداروں نے اس جانور کے کچھ حصے کاٹ کر تجربے کیلئے محفوظ کرلئے ہیں مگر پورا جانور تلف کردیا جائیگا۔ غیر معمولی طور پر 20فٹ لمبے جانور کی جلد ریش دار ہے۔ علاقے کے لوگ بڑے پرانے خیالات کے حامل ہیں اور وہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے ڈرنے لگتے ہیں اس لئے اتنے بڑے جانور کی نعش ساحل پر دیکھ کر پورے علاقے میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 11مئی کو صبح 7بجے یہ نظرآیا تھا ۔ اب تک کسی نے بھی وثوق سے یہ نہیں بتایا کہ آخر یہ کونسا جانور ہے، کدھر سے آیا اور اسکی ہلاکت کا کیا سبب تھا۔ لوگ اسے سردست گلوبسٹر کا نام دے رہے ہیں جو دیومالائی کہانیوں کا سمندری کردار سمجھا جاتا ہے۔ کچھ لوگوں نے اس کیساتھ سیلفیاں بھی تیار کی ہیں۔ اس کے جسم کے جو ٹکڑے کاٹے گئے ہیں اس کا ایک ٹکڑا 4فٹ لمبا اور ایک فٹ چوڑا ہے جبکہ دوسرا 2 فٹ لمبا اور ایک فٹ چوڑا ہے۔ اس کا رنگ بھورا سمجھا جارہا ہے اور اس کی بو اتنی عجیب و غریب ہے کہ لوگ اسے کسی اور دنیا کی مخلوق سمجھنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ بہت سے لوگ اس کی موجودگی کی خبر ملنے پر علاقے سے چلے گئے ہیں کیونکہ وہ اسے کسی بڑی آفت کی آمد کا اشارہ سمجھتے ہیں۔ بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ اب علاقے میں زلزلہ آیا ہی چاہتاہے۔ اس کے جسم کے جو ٹکڑے حاصل کئے گئے ہیں وہ ڈی این اے کیلئے لیباریٹری میں بھیجے جائیں گے۔ ایسا ہی ایک جانور گزشتہ سال فروری میں بھی نظر آیا تھا مگر وہ اتنا بڑا نہیں تھا۔