کیوی کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان کیلئے رابطہ
ویلنگٹن:نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ابتدائی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے سیکیورٹی ایجنسی سے رابطہ کر لیا جو ا س حوالے سے ا پنی رپورٹ مرتب کر رہی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ زکو پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی جانب سے پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ابھی مشاورتی عمل سے گزر رہے ہیں تاہم آسٹریلیا نے اس حوالے سے کسی تصدیق یا تردید سے انکار کردیا تھا۔ کیوی ذرائع نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اپنے ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کرا رہا ہے تاکہ اس بارے میں تفصیلی غور کیا جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق کیوی بورڈ نے سیکیورٹی کے بارے میں معلومات کے لئے اسی کمپنی کے ساتھ رابطہ کیا ہے جو اس وقت فیکا کے ساتھ کام کر رہی ہے۔فیکا پروفیشنل کرکٹرز کی عالمی تنظیم ہے اور کسی بھی ٹیم کے بیرونی دورے کے دوران کرکٹرز کے تحفظ اور حقوق کے نگراں کے طور پر کام کرتی ہے ۔یہ تنظیم ٹیموں کے دوروں کے بارے میں سیکیورٹی کمپنی سے رپورٹ مرتب کرانے کے بعد کرکٹرز کو فراہم کرتی ہے جس کی روشنی میں وہ دورے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکا اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا ایک ہی سیکیورٹی کمپنی سے رابطہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے حوالے سے مثبت رپورٹ سامنے آئے گی کیونکہ اس سے قبل فیکا غیر ملکی کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت ردعمل دے چکی ہے۔