Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی ناقابل قبول ہے، سعودی کابینہ

ریاض.... سعودی کابینہ نے واضح کیا ہے کہ تل ابیب سے القدس امریکی سفارتخانے کی منتقلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے ۔ امریکہ نے القدس سفارتخانہ منتقل کر کے فلسطینی عوام کے تاریخی حقوق کے خلاف زبردست جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ القدس سے متعلق فلسطینی عوام کے حقوق مسلمہ ہے ۔ متعلقہ بین الاقوامی قرار داروں نے یہ حق تسلیم کیا ہوا ہے ۔ عالمی برادری اس کی تائید و حمایت کئے ہوئے ہے ۔ امریکی اقدام مشرق وسطیٰ امن عمل کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے اپنے عہد سے  پسپائی اختیار کر گیا۔کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ۔ کابینہ نے توجہ دلائی کہ سعودی حکومت پہلے بھی اس بے جواز اقدام کے سنگین نتائج سے خبردار کر چکی ہے ۔ سعودی حکومت سمجھتی ہے کہ اس اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مشتعل ہوئے ہیں ۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے کابینہ کے اجلاس کے بعد سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ کابینہ نے قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے نہتے فلسطینی شہریوں پر حملوں کی مذمت کی اور اس امر پر زور دیا کہ عالمی برادری فلسطینی بھائیوں کے تحفظ اور ان کے خلاف تشدد بند کرانے کیلئے اپنا فرض ادا کریں ۔ کابینہ نے پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین سے متعلق سعودی عرب کی پالیسی غیر متزلزل ہے ۔ ماضی کی طرح مستقبل میں فلسطینی بھائیوں کی مدد جاری رکھی جائے گی ۔ عرب امن فارمولے نیز بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق جائز حقوق کی بازیابی کے فلسطینی مشن کی حمایت کا سلسلہ برقرار رکھا جائیگا۔اجلاس کے آغاز میں خادم حرمین شریفین نے سعودی عرب سمیت تمام فرزندان اسلام کو ماہِ مبارک رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہم سب کو رمضان کے روزے رکھنے ، تراویح اور تہجد کا اہتمام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔روزے داروں ، تہجد گزاروں اور عمر ہ و زیارت کرنیوالوں کے اعمال قبول فرمائے ۔ہم سب کو دوزخ کے عذاب سے نجات دے ۔ماہِ کریم کو پوری امت کیلئے خیر و برکت کا ذرائع بنادے۔شاہ سلمان نے اس موقع پر معتمرین اور زائرین کی خدمت پر مامور تمام سرکاری و نجی اداروں کو معتمرین اور زائرین کی معیاری خدمت کی پھر تاکید کی ۔ انہوں نے اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے سعودی عرب کو بہت ساری نعمتوں سے نہال کر رکھا ہے ۔ سرِ فہرست امن و استحکام ، اسلام اور اس کے پیروکاروں کی خدمت حرمین شریفین کی خدمت اور زائرین کیلئے آرام و سکون کے اہتمام کی توفیق ہے ۔ کابینہ میں متعدد داخلی و خارجہ امور پر پیش کر دہ رپورٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔کابینہ نے ایرانی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کے امریکی صدر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ مملکت نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری ایران سے متعلق مشترکہ ٹھوس موقف اختیار کرے گی ۔ کابینہ نے عراق ، افغانستان ، صومالیہ انڈونیشیا اور فرانس میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالوں کے اعزہ اور برادری و دوست ممالک کے عوام و حکام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری شفاء کی آرزو ظاہر کی ۔ کابینہ نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے ہر عمل کیخلاف مملکت کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا اور برادر اور دوست ممالک کو یقین دلایا کہ امن و استحکام کو خطرات پیدا کرنیوالی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب ان کے ساتھ ہے ۔ 

شیئر: