پاکستانی دورے کی دعوت نہیں ملی،آئرش کرکٹ
ڈبلن: آئرلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے انہیں پی سی بی کی جانب سے دورہ پاکستان کے لئے کوئی باضابطہ دعوت نہیں ملی ۔بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈیو ٹروم نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمیں پی سی بی کی جانب سے دعوت کا انتظار ہے جبکہ چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی سے اس معاملے پر صرف غیر رسمی تبادلہ خیال ہوا تھا اگر ہمیں باضابطہ طور پر بلایا جاتا ہے تو ہم بھی پیشقدمی کے لئے تیار ہیں۔شواہد بتاتے ہیں کہ آئرش بورڈ پاکستان میں مکمل کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے بے قرار ہے تاکہ اس کی ٹیم کو مزید ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع مل سکے۔ آئرش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے حامی ہیں اس لئے انہوں نے کسی سرکاری دعوت نامے سے پہلے ہی نیم رضامندی کا اظہار کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال میں کوئی ڈرامائی تبدیلی نہ آئی تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم سیریز کھیلنے پاکستان نہ جائیں، ہمارا بورڈ اس دورے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے تاہم تمام آئرش کرکٹ اسٹارز سے مشاورت کی جائے گی اور اگر وہ تیار ہوئے تو پاکستان جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی سے حالیہ ٹیسٹ میچ کے دوران غیر رسمی گفتگو ہوئی ہے، انہوں نے سرکاری دعوت ابھی تک نہیں دی مگرہم نے ان کو واضح کہہ دیا ہے کہ جس وقت وہ سکیورٹی معاملات کلیئر دیکھیں تو ہمیں دعوت دیں ہم ضرورکھیلنے جائیں گے۔