Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو سے میرا کوئی مقابلہ نہیں،لیونل میسی


جوہانسبرگ:ہسپانوی کلب بارسلونا کے ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی نے کہا ہے کہ اگر برازیلی فٹبالر نیمار جونیئر فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین چھوڑ کر ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ میں آگئے تو یہ تباہ کن اور خوفناک مرحلہ ہوگا ، اسی کے ساتھ میسی نے یہ وضاحت بھی کی کہ ان کا رئیل میڈرڈ کے اسٹار پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سے کوئی مقابلہ نہیں۔ رونالڈو کی کامیابیاں مجھے بہتر کھیل کی ترغیب دیتی ہیں۔ یاد رہے کہ نیمار بارسلونا میں میسی کے پرانے ساتھی رہے ہیں اور وہ گزشتہ سیزن میں ریکارڈ ٹرانسفر فیس کے عوض پی ایس جی میں چلے گئے تھے ۔بارسلونا اور رئیل میڈرڈ ایک دوسرے کے روایتی حریف بھی ہیں اور ان کے درمیان کسی بھی میچ پر دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہو جاتی ہے۔ فرانسیسی کلب میں نیمار کا مستقبل غیر یقینی کا شکار ہے اور ان کے وہاں سے بھی ٹرانسفر کی باتیں ہو رہی ہیں۔ دوستانہ میچ کے لئے ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقہ جانے والے میسی نے اسی تناظر میں سوال پر کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے سابق ساتھی کھلاڑی نیمار حریف کلب میں شامل ہوں۔مزے کی بات یہ ہے کہ جب نیمار نے بارسلونا کو چھوڑا تو اس کی ایک وجہ یہ بتائی کہ وہ میسی کے سائے سے باہر نکلنا چاہتے ہیں کیونکہ ارجنٹائنی کھلاڑی کی شہرت اور مقبولیت ان کا راستہ روکے ہوئے ہیں۔اب نیمار کے بارے میں یہ دعوے ہو رہے ہیں کہ وہ رئیل میڈرڈ میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں ۔ یورپ میں فٹبال سیزن تقریباً ختم ہو گیا ہے اور صرف چیمپیئنز لیگ کا فائنل باقی ہے جس کے بعد ٹرانسفر سیزن شروع ہو جائے گا۔لائنل میسی نے کہا کہ نیمار کو رئیل میڈرڈ کی جانب سے کھیلتا دیکھنا بڑا خوفناک تجربہ ہوگا اور یہ بارسلونا کے لئے بھی تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

شیئر: