دہشت گردی کیخلاف علاقائی ملکوں سے تعاون کیلئے تیار ہیں،تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد... سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان کیلئے خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے ۔ ہزاروں افراد نے جانیں قربان کیں ۔پاکستان کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ۔ پاکستان محدود وسائل کے باوجود کامیابی سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے ۔ انسانی اور معاشی نقصانات دہشت گردی سے نمٹنے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔بدھ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستان کیلئے خصوصی اہمیت ہے ۔ اس کا مقصد سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے ۔شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارت اور کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ رکن ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ ان سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو درپیش دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے آگاہ ہیں ۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف مربوط پالیسی مرتب کرلی ۔پاکستان خطے سے دہشتگردی کی عفریت کے موثر طریقے سے خاتمے کے لئے ےشنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری تلے علاقائی ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اتفاق رائے کی حمایت کرتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب،ملک یا قومیت سے نہیں جوڑا جاسکتا اور نہ ہی جوڑناچاہیے۔