Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان امدادی مرکز کا یوکرینی بچی کو مصنوعی ٹانگوں کا تحفہ

میٹیلڈا اب وہیل چیئر پر بیٹھی بچی نہیں خودمختار اور پُراعتماد لڑکی بن چکی ہے۔ فوٹو واس
کنگ سلمان امدادی مرکز نے یوکرین جنگ متاثرین کی بحالی میں مصنوعی اعضاء پروگرام کے تحت 8 سالہ یوکرینی بچی کا پولینڈ میں علاج کر کے مصنوعی ٹانگیں لگا دیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق یوکرینی بچی میٹیلڈا والدین کے ہمراہ ہنسی خوشی زندگی گزار رہی تھی بھیانک جنگ کے ایک لمحے نے اس کی دونوں ٹانگیں ضائع کردیں جنہیں کاٹنا پڑا تھا۔
میٹیلڈا کو یہ معلوم نہیں تھا کہ جنگ اس کی زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دے گی اور اسے وہیل چیئر تک محدود ہونا پڑے گا تاہم پولینڈ میں کنگ سلمان امدادی ادارے میں مصنوعی اعضاء کے مرکز سے رابطہ کرنے پر اس میں امید جاگی۔
قبل ازیں یوکرین جنگ کے دوران ہولناک حادثے میں اس کی دونوں ٹانگیں شدید زخموں کے باعث گھٹنوں کے نیچے سے کاٹ دی گئی تھیں۔
چلنے پھرنے سے محروم ہو جانے کے بعد یوکرینی بچی کی جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی حالت بھی بگڑنے لگی جس کے باعث والدین مایوسی کا شکار ہونے لگے۔
پولینڈ میں مقیم جنگ زدہ افراد کے لیے کنگ سلمان امدادی مرکز پروگرام کی خبر سن کر میٹیلڈا کے والدین نے بحالی مرکز میں درخواست دائر گی جس کے بعد پولینڈ کی وزارت صحت نے درخواست منظور ہونے کی خوش خبری سنائی۔
میٹیلڈا علاج کے بعد مصنوعی اعضاء کے مرکز پہنچی، جہاں طبی ماہرین نے اس کی جسمانی اور ذہنی صحت دونوں پر بھی توجہ دی۔

کنگ سلمان امدادی مرکز ہزاروں افراد کو مفت معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ فوٹو واس

سعودی ماہرین کی ٹیم کی نگرانی میں مصنوعی اعضاء لگانے سے قبل میٹیلڈا کی ٹانگوں کے پٹھے مضبوط کرنے کے لیے تربیتی مرحلے سے گزرنا پڑا۔
طبی ٹیم میں آرتھوپیڈک ڈاکٹر، بحالی کے ماہرین، مصنوعی اعضاء کے خصوصی ماہرین اور زیوتھراپسٹ کے علاوہ لاجسٹک اور دیگر خدمات کے رضاکار بھی مشن کا حصہ تھے۔
میٹیلڈا کو مصنوعی ٹانگیں لگانے سے پہلے بحالی کے مرحلے میں ماہرین نے اس بڑی تبدیلی اور نئی زندگی میں آگے بڑھنے کی تربیت فراہم کی۔

یوکرینی بچی  نئے جذبے اور امید کے ساتھ جینے کے لیے تیار ہے۔ فوٹو واس

کئی ہفتوں کی تیاری اور محنت کے بعد وہ دن آ پہنچا جس کا میٹیلڈا شدت سے انتظار کر کئی ہفتوں کی محنت کے بعد ماہرین کی مدد سے خوف اور خوشی کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ  پہلی بار مصنوعی ٹانگوں کے ساتھ میٹیلڈا نے کھڑے ہونے کی کوشش کی۔
چند قدم لرزتے ہوئے اٹھائے اور توازن بحال کرنے لگی، دوبارہ چلنے لگی اور اس کامیابی پر طبی اور تربیتی عملے نے خوشی کا اظہار کیا۔
اس پورے سفر میں، طبی ماہرین نے نہ صرف جسمانی بحالی پر توجہ دی بلکہ اس کی ذہنی مضبوطی اور خود اعتمادی کے فروغ کے لیے بھی کام کیا۔
روزمرہ زندگی میں مصنوعی ٹانگوں کے استعمال کی تربیت سے اب یوکرینی بچی چلنا سیکھ کر معمولات کے کام خود انجام دے سکے گی۔
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کا مصنوعی اعضاء کی سہولت اور بحالی مرکز سعودی عرب کے عالمی انسانی خدمت کے مشن کا اہم حصہ ہے۔

بھیانک جنگ کے ایک لمحے نے میٹیلڈا کی ٹانگیں ضائع کردیں۔ فوٹو سعودی مومنٹس

مرکز کے مصنوعی اعضاء پروگرام کو جنگ زدہ اور قدرتی آفات کے متاثرین کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مستحق افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکے۔
میٹیلڈا اب وہیل چیئر پر بیٹھی بچی نہیں وہ خودمختار اور پُراعتماد لڑکی بن چکی ہے جو اپنی زندگی کو نئے جذبے اور امید کے ساتھ جینے کے لیے تیار ہے۔
کنگ سلمان امدادی ادارے  کے چار بین الاقوامی مراکز یمن، شام، ترکی میں زلزلہ متاثرین اور یوکرینی جنگ متاثرین کو پولینڈ میں ہزاروں افراد کو مفت معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

شیئر: