چیمپیئنز لیگ فائنل میں فکسنگ اسکینڈل کا انکشاف
ِ کیف:یوکرین میں فٹبال میچ فکسنگ کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے جس میں مبینہ طور پر 35معروف کلب ملوث ہیں۔ یہ اسکینڈل ایسے وقت سامنے آیا جب صرف2دن بعد یوکرینی دارالحکومت میں یورپ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کا فائنل ہونے والا ہے جس میں دفاعی چیمپیئن ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ اور انگلش کلب لیور پول کا مقابلہ ہوگا ۔یوکرینی پولیس نے ملک کے 35 فٹبال کلبز پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے ۔ پولیس کے مطابق میچ فکسنگ سے یہ کلب کئی ملین ڈالرز کمارہے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یوکرینی فٹبال ڈویژن کے دو تہائی کلبز اس اسکینڈل کا حصہ ہیں تاہم ان میں یوکرین کے انٹرنیشنل کلب ڈائنامو کیف اور شاکتر ڈونیسٹک کے نام شامل نہیں ۔ملزمان کو پوری طرح بے نقاب کرنے کے لئے ملک بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یوکرین کے وزیر داخلہ آرسین ایواکوف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس اسکینڈل میں کلبز کے صدور، سابق اور موجودہ کھلاڑی، ریفریز، ٹرینرز اور تجارتی کمپنیاں ملوث ہیں۔مجموعی طور پر 320 افراد کے خلاف فکسنگ کا مرتکب ہونے کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ یوکرین کے ڈپٹی پولیس چیف ایگور کوپیرینٹس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس حوالے سے ابھی گرفتاریاں عمل میں نہیں آئی ہیں تاہم ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ فکسنگ کے لئے ریفریز اور کھلاڑیوں کو 1100 سے 3700 ڈالر تک کی رقم رشوت کے طور پر دی جاتی رہی ۔ یوکرینی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ آندرے پیولیکو نے کہا کہ یہ یوکرینی فٹبال کی تاریخ کا سیاہ دن ہے لیکن ہم اسے یہ یوکرینی فٹبال کو صاف کرنے کا نقطہ آغاز بنائیں گے اور یہ اسکینڈل دنیا کے مقبول ترین کھیل کو شفاف بنانے کی بنیاد بنے گا۔