لارڈزٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں نے پوزیشن مستحکم کر لی
لندن: اظہر علی ، اسد شفیق ، بابر اعظم اور شاداب خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں8وکٹوں کے نقصان پر350رنز بناتے ہوئے 166رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ محمد عامر19اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنا ئے وکٹ پر موجود ہیں۔ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم انگلش بولر کی گیند بازو پر لگنے کے بعد زخمی ہو کر بیٹنگ ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ۔چیک اپ کے بعد ڈاکٹرز نے بابر اعظم کو 4تا 6ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد اب وہ دورہ جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے3،3وکٹیں لیں۔ لارڈز کے تاریخی میدان میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن حارث سہیل اور اظہر علی نے صبر و تحمل سے اننگز کو آگے تاہم شراکت کا خاتمہ مارک وڈ نے 39رنز بنانے والے حارث کو آوٹ کر کے کیا۔اس کے بعد اسد شفیق کھیلنے آئے، اظہر نصف سنچری مکمل ہوتے ہی50کے اسکور پر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ چوتھی وکٹ کے لیے اسد شفیق کے ساتھ بابر اعظم نے اچھی شراکت قائم کی اور 84 رنز جوڑ کر انگلینڈ کی برتری کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی پوزیشن بھی مستحکم کی۔ اس دوران اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی ۔59 کے انفرادری اسکور پر سلپ میں اسد شفیق کا کیچ ڈراپ ہوا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلی ہی گیند پر دوبارہ سلپ میں کیچ دے کر آوٹ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر جلدی میں نظر آئے اور ایک ایسے موقع پر جب ٹیم کو ان سے بڑی اننگز کی توقع تھی، وہ صرف 9 رنز بنانے کے بعد چائے کے وقفے سے قبل آخری گیند پر ایک انتہائی غیرضروری شاٹ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 68 رنز کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم بین اسٹوکس کی گیندبازو پر لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر بیٹنگ ادھوری چھوڑنا پڑی۔ شاداب خان اور فہیم اشرف نے چھٹی وکٹ کیلئے72رنز کا اضافہ کیا۔318 کے مجموعی اسکور پرفہیم اشرف کو جیمز اینڈرسن نے کلین بولڈ کر دیا ۔پاکستان کی ساتویں وکٹ 332کے اسکور پر گری جب شاداب خان بھی نصف سنچری مکمل کرتے ہی 52رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔انہیں بین اسٹوکس نے آوٹ کیا جبکہ اگلے ہی اوور میں اینڈرسن نے حسن علی کو صفر پر آوٹ کردیا تاہم محمد عامر اور محمد عباس نے بقیہ اوورز میں انگلش بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔دونوں با لترتیب19اور صفر پر ناٹ آوٹ ہیں۔پاکستان نے 350رنز بنا کر 166رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔بابر اعظم کے بارے میں ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ ان کے بازو پر ہیئر لائن فریکچر آیا ہے اور وہ 4سے 6ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے جس کے بعد بابر اعظم کو آرام کی غرض سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے اب وہ جاری میچ کی دوسری اننگز اور انگلینڈکیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔