اسپاٹ فکسنگ کیس: ناصر جمشید کیخلاف مضبوط گواہی
لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میںپی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سلمان نصیر کی گواہی سے ناصر جمشید کیخلاف بورڈ کا کیس مضبوط ہوگیا ہے۔اینٹی کرپشن ٹریبونل میں ناصرجمشید کیخلاف اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت ہوئی اور پی سی بی کی جانب سے وکیل سلمان نصیر بطور گواہ پیش ہوئے۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے گواہان پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سلمان نصیر کی گواہی سے ناصر جمشید کیخلاف کیس مضبوط ہوگیا ہے ۔اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم اگلی سماعت پر اگلے گواہ کے طور پر پیش ہوں گے۔ ناصر جمشید کے وکیل حسن وڑائچ نے کہا کہ پی سی بی کے پاس ناصر جمشید کے خلاف کوئی ثبوت نہیں اورکرکٹ بورڈ اوپنر پر تاحیات پابندی لگوانا چاہتا ہے۔