بیمار افراد روزہ رکھنے سے نہ گھبرائیں
رمضان کے ماہ مبارک میں جہاں ہر شخص نیکیوں کی تگ و دو میں ہوتا ہے وہیں مختلف امراض میں مبتلا افراد اس فکر میں گھر جاتے ہیں کہ وہ روزہ رکھ سکیں گے یا نہیں ۔ بہت سے لوگ اس خوف کے پیش نظر روزہ نہیں رکھتے کہ روزے کی حالت میں کہیں مرض کا غلبہ نہ ہو جائے یا کوئی پیچیدہ صورتحال نہ بن جائے ۔ جدید میڈیکل سائنس نے یہ ثابت کیا ہے کہ روزہ روح کے ساتھ ساتھ جسم کو بھی ریفریش کردیتا ہے ۔ اس سے جسم کو آرام اور سکون ملتا ہے اور روزے دار کے جسم میں دوسرے افراد کے مقابلے میں قوت مدافعت کئی گناہ بڑھ جاتی ہے ۔ روزے سے جسم کے تمام اعضاء کی کارکردگی بہتر ہوتی ہیں اور معدہ ، جگر اور خون کی نالیاں بے ہنگم کھانوں کے بوجھ سے کچھ دیر کے لئے آزاد ہو جاتے ہیں ۔ اس سے ان اعضا کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ تازہ دم اور مستعد ہو جاتے ہیں ۔ روزے کی یہ افادیت غیر مسلم بھی تسلیم کرتے ہیں اور اہل مغرب مختلف امراض کے علاج میں روزہ رکھوا کر کامیاب علاج کرنے لگے ہیں ۔ ڈاکٹر ڈی جیت کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنا مختلف امراض کی روک تھام کے لئے حفظ ماتقدم کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر جوزف کا کہنا ہے کہ روزے سے ظاہر وباطن کی غلاظتیں دور ہو جاتی ہیں یعنی روزہ جسمانی و روحانی خرابیوں کا بہترین علاج ہے یہ معدے اور جگر کے امراض سے بچاؤ کا سب سے بہترین ہتھیار ہے ۔