برطانیہ شامی عوام کےلیے 50 ملین پونڈ کی انسانی امداد فراہم کرے گا
اتوار 15 دسمبر 2024 23:11
یہ فنڈز زیادہ تر اقوام متحدہ کے اداروں کو بھیجے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی )
برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ ’وہ شام اور پڑوسی ملکوں لبنان اور اردن میں ’ انتہائی کمزور‘ شامیوں کےلیے 50 ملین پونڈ کی انسانی امداد جاری کرے گی۔‘
عرب نیوز کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم شامی عوام کی سپورٹ کےلیے پر عزم ہیں کیونکہ وہ ایک نیا راستہ طے کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا’ یہ فنڈز جو زیادہ تر اقوام متحدہ کے اداروں کو بھیجے جائیں گے۔ شام میں ضروری عوامی خدمات کی فراہمی میں مدد فراہم کریں گے۔‘
انہوں نے کہا’ برطانیہ، شام کے مستقبل میں بہتر گورننس کو محفوظ بنانے میں مدد کے لیے سفارتی طور پر بھی کام کرے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا’ یہ ضروری ہے کہ مستقبل کی شامی حکومت استحکام قائم کرنے کے لیے تمام گروپوں کو اکھٹا کرے اور شامی عوام کا احترام کیا جائے۔‘
علاوہ ازیں برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ تنظیم برائے ممانعت برائے کیمیائی ہتھیار کو شام میں اس کے کام کےلیے ایک لاکھ 20 ہزار پونڈ دے گا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے شام نے صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد مغربی پابندیوں کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے سفیر گیئر پیڈرسن نے اتوار کو دمشق کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پرامید ہیں کہ ان پابندیوں کا جلد خاتمہ ہو گا تاکہ اس مشکل وقت میں ہم شام کی تعمیر نو میں مدد کر سکیں۔
‘سنہ 2011 میں پرامن حکومت مخالف مظاہروں اور بعد میں خانہ جنگی کے دوران بشار الاسد کے وحشیانہ ردعمل کے نتیجے میں شامی حکومت برسوں سے امریکہ، یورپی یونین اور دیگر کی طرف سے سخت پابندیوں کا شکار ہے۔