انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات ہوگی؟
اسلام آباد....سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب ملک نے عام انتخابات میں پولیس سیکیورٹی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لئے پاک فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو عام انتخابات کے سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ملک میں 20 ہزار پولنگ اسٹیشن حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔حساس پولنگ اسٹیشنز میں کیمرے لگائے جائیں گے۔کیمرے سے سیکیورٹی اور الیکشن عملے کے نظم و ضبط کو بھی مانیٹر کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب کا طریقہ کار طے کرنا باقی ہے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیکیورٹی کے لئے پاک فوج کے ساتھ سیکیورٹی پر اجلاس ہو چکے ہیں، وہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تجویز ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کے بجائے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی جائے۔