سعودی عرب میں سردی کی نئی لہر کی توقع
’آج ریاض مشرقی ریجن، باحہ اور مکہ مکرمہ میں بارش کا امکا ن ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ سائبیریا سے سردی کی نئی لہر آنے والی ہے جس سے سعودی عرب کے بیشتر شہر متاثر ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’سری کی نئی لہر سے شمالی علاقے زیادہ متاثر رہیں گے جبکہ ریاض، مشرقی ریجن، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ تک کا علاقہ جزوی طور پر متاثر ہوگا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو ریاض شہر کے علاوہ قرب و جوار کے شہروں اور مشرقی ریجن، باحہ اور مکہ مکرمہ میں بارش کا امکا ن ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے الباحہ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آج الباحہ ریجن کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے‘۔
محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ ’مکہ مکرمہ، جازان، عسیر ، ریاض اور مشرقی ریجن میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی جبکہ بالائی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی‘۔