مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈبلاک کرنے کا حکم
اسلام آباد...وزارتِ داخلہ نے خصوصی عدالت کی ہدایت پر نادرا اور پاسپورٹ آفس کو حکم جاری کیا ہے کہ پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کردیا جائے۔ نادرا اور پاسپورٹ حکام کو لکھے گئے خطوط میں عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر مشرف کا پاسپورٹ اورشناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے موقف دینے سے انکار کردیا جبکہ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک وزارت داخلہ کا خط موصول نہیں ہوا۔واضح رہے کہ پرویز مشرف پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک ہونے پرسفر نہیں کر سکیں گے اور نہ جائداد کی خرید و فرخت کر سکیں گے۔ سابق صدر بینکنگ کی سہولت سے بھی محروم ہو جائیں گے۔ مارچ میں سنگین غداری کیس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔