بڑے سر اور گہری آنکھوں والے ہندوستانی مزدور پر خلائی مخلوق کا گمان
جگت پور،..... ہندوستان کے قصبہ جگت پورکا رہنے والا 21سالہ مزدور قدرتی طور پر کچھ عجیب شکل و صورت کا حامل ہے۔کہا جاتا ہے کہ اسکی کیفیات مختلف طبی خرابیوں کا نتیجہ ہیں۔ اسکا سر غیر معمولی طور پر بڑا ہے اور آنکھیں انتہائی دبیز اور گہری ہیں جس کی وجہ سے لوگ اسے خلائی مخلوق جیسا سمجھتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اسکی چال جو یقینی طور پر عام آدمی کی چال نہیں ہے کو بھی مذاق بناتے ہیں۔ ایک شخص کی بیماری دوسروں کیلئے کس طرح تفریح کاسامان بنتی ہے یہ عصری سفاکیت ہے او راس میں ہر جگہ بہت سارے لوگ مبتلا پائے جاتے ہیں۔ انشو کی حالت یہ ہے کہ وہ انتہائی غریب ہے ۔ ماہانہ 50برطانوی پونڈ کے برابر ہندوستانی روپے کماتا ہے۔ اتنی کم تنخواہ کے باعث اس کا کسی اسپیشلسٹ کو دکھانا مشکل ہے اس کا کہناہے کہ لوگوں نے اسکی زندگی اجیرن کررکھی ہے اور حکومت سے اس نے گزارش کی ہے کہ وہ آگے آئے اور مدد کرے۔ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ اسکی عجیب و غریب کیفیت جیکب سینڈروم کے نام سے جانی جاتی ہے۔ اسے کھڑے ہونے میں بھی دشواری پیش آتی ہے اور اب تک وہ گنجا ہے کیونکہ سر پر بال بھی نہیں اگتے۔ اسکا کہناہے کہ اگر اسکا علاج ہوجائے تو و ہ بھی دوسرے لوگوں کی طرح زندگی گزار سکے گا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ بچے بھی اسکی شکل و صورت سے ڈرتے ہیں۔ کچھ تو ڈرنے لگتے ہیں اس کے علاوہ بہت سے بچے مذاق اڑانے کیلئے فقرے کستے رہتے ہیں۔ انشو کے والد 46سالہ کملیش بھی مزدور ہیں اور تقریباً150برطانوی پونڈ ماہانہ کماتے ہیں تاہم انہیں بھی امید ہے کہ بیٹے کا جلد علاج ہوجائیگا جس کے بعد وہ عام زندگی گزار سکے گا اور اسکی شادی بھی ہوسکے گی۔