علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن ریاض (اموبا) نے افطار پارٹی کا اہتمام کیا
ریاض (کے این واصف ) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن ریاض (اموبا) نے حسب روایت بڑے پیمانے پر امسال بھی افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ جس میں علیگرین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ریاض کی سماجی تنظیموں کے اراکین اور ریاض کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ افطار کے فوری بعد ہندوستان کے معروف اسکالر اور سماجی کارکن برادر شفیع نے ”مثبت سوچ اور خوش اخلاقی“ کے موضوع پر لیکچر دیا۔ محفل کا آغاز عبدالخلاق کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ ناظم محفل ابو الفرج نے اپنے تعارفی کلمات کے بعد برادر شفیع کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایاکہ برادر شفیع ہندوستان کے معروف اسلامی اسکالر ہیں اور بین المذاہب تقابلی جائزے پیش کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ عوام میں شعور بیدار کرنے، اسلم سے متعلق غیر مسلمانوں میں موجود غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے ہندوستان اور بیرونی ممالک میں اپنے لیکچرز دیتے ہیں۔ وہ اب تک 200سے زائد لیکچرز دے چکے ہیں۔ برادر شفیع کو انکی سماجی خدمات کے اعتراف میں سرکاری سطح پر اور این جی اوز کی جانب سے توصیف نامے اور انعامات دیئے گئے ہیں۔ برادر شفیع نے اپنے خطاب میں کہا کہ مثبت سوچ رکھنا اور خوش اخلاقی کا رویہ اپنائے رکھنا یہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں ہے ۔ نبی رحمت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں یہ اوصاف عمل سے سکھائے ہیں۔ ہمیں اپنے ہم نفسوں کے ساتھ خوش اخلاقی کا سلوک روا رکھنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ دین اسلام دنیا میں ہمارے اسلاف کی مثبت سوچ اور خوش اخلاقی کی وجہ سے پھیلا۔ اچھے اخلاق ہماری بخشش کا سبب ہونگے۔ برادر شفیع نے کہا کہ بدگمانی بری شے ہے۔ یہ تعلقات کے بیچ دوریاں پیدا کرتے ہیں اور آپسی رشتوں کو کمزور کرتے ہیں۔ ہم مثبت سوچ اپناکر بدگمانی کے گناہ سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مصائب اور پریشانیاں ہماری آزمائش ہیں۔ جس طرح محنت اور ورزش جسم کو صحت اورتوانائی بخشتی ہے۔ اسی طرح مصائب اور سختیاں ہماری زندگی کو نکھارتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منزل کا حصول مشکل ہوجائے تو راستے بدلیں تاکہ منزل، عزم مصمم ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ صدر اموبا انجینیئر سید محمد مطیب نے محفل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اموبا کی نئی ویب سائٹ لانچ کردی گئی ہے۔ ریاض میں مقیم علیگز اپنے کوائف سائٹ پر پوسٹ کرکے ممبر شپ حاصل کریں۔ اموبا ریاض اپنے تمام ممبرز کو شناختی کارڈ جاری کریگا۔ آخر میں ڈاکٹر فیصل کمال زیدی نے اموبا کی ویب سائٹ کا تعارف پیش کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔