Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کامیاب ہوگی‘ عمران خان کی نواز،بلاول پر تنقید

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میںکہا ہے کہ کمزور اداروں کو مضبوط کرنا ہر حکومت کے لیے ترجیح ہونا چاہیے تاہم اس مسئلے کے حل کے لیے انتخابات کے بعد کام کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن 2018ء میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ عمران کان نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2 بڑی سیاسی جماعتوں نے اس ملک کے امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب تر بنا دیا ہے۔ گزشتہ 30 برس کے دوران امیر اور غریب طبقے کے درمیان غیر معمولی فاصلہ پیدا ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنی رہائش بنی گالہ کے حوالے سے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں جیسے بھی گھر میں رہوں، یہ میری جائز کمائی ہے اور اس میں کسی بھی انداز میں رہنا میرا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ویسے رہتا ہوں جیسا میرا دل چاہتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ انتخابات سے قبل کیے گئے سروے عمومی طور پر گمراہ ہوتے ہیں، اصل تبدیلی تب آتی ہے جب ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا ذہن بناتا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کچھ بھی نہیں تھے۔ بلاول سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی بات نظر انداز کی جا سکتی ہے کیونکہ انہیں اس بات کا پتا ہی نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اس کے برعکس میری سیاسی جدوجہد کو 22 سال ہو چکے ہیں۔

شیئر: