’’خواجہ صاحب! خدا کا خوف کریں‘‘ چیف جسٹس کا آئی جی سندھ سے مکالمہ
کراچی: عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں اہم شخصیات سے اضافی سیکورٹی واپس لینے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سندھ بھر میں تمام وی آئی پیز سے غیر ضروری سیکورٹی واپس لینے کا حکم برقرار رکھا ہے۔ سماعت میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی پیش ہوئے۔
کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب، خدا کا خوف کریں، آپ نے 4 ہزار افراد کو سیکورٹی دے رکھی ہے؟ جس پر اے ڈی خواجہ نے وضاحت کی کہ تمام اہم شخصیات سے اضافی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے، اور جن دیگر افراد کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، اس کی قانون اجازت دیتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد عدالت سے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ جن لوگوں کی جان کو خطرہ ہے، انہیں صوبائی حکومت نے سیکورٹی فراہم کی ہوئی ہے اور ایسے تمام افراد کی فہرست عدالت میں کرائی جا چکی ہے، انہوں نے کہا کہ جسے بھی سیکورٹی چاہیے وہ صوبائی حکومت سے رابطہ کر سکتا ہے۔