Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوپننگ جوڑی : پاکستانی ٹیسٹ تجربہ پھر ناکام

لا ہور:پاکستانی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ 6 سال میں ٹیسٹ ٹیم کی اوپننگ کے حوالے سے17واں تجربہ بھی کامیاب نہ ہوسکا۔ٹیسٹ کرکٹ میں اوپننگ پاکستانی ٹیم کا دیرینہ مسئلہ بن چکا۔گزشتہ 6سال میں 16 جوڑیاں آزمائی جا چکی ہیں جبکہ حالیہ دورئہ انگلینڈ میں 17واں تجربہ کیا گیا جبکہ آخری 18ٹیسٹ میچوں میں ہی 8اوپننگ جوڑی کی آزمائش ہوئی۔محمد حفیظ اور شان مسعود، محمد حفیظ اور سمیع اسلم، اظہر علی اور سمیع اسلم، اظہر علی اور شرجیل خان، اظہر علی اور احمد شہزاد، اظہر علی اور شان مسعود بطور اوپننگ جوڑی میدان میں اتارے جا چکے ہیں۔ سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں منعقدہ گزشتہ سیریز کے دوران سمیع اسلم اور شان مسعود بطور اوپنر کھیلے تھے۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف حالیہ ٹیسٹ میچز میں پاکستان نے اظہر علی اور امام الحق پر انحصار کیا مگر دونوں ناکام رہے۔ سینئر بیٹسمین اظہر علی کی کارکردگی کسی طور ان کے شایان شان نہیں کہی جا سکتی جبکہ آئرلینڈ کیخلاف ایک نصف سنچری کے بعد امام الحق نے بھی مایوس کیا اور صرف 18.66کی اوسط سے ہی رنز بناسکے۔دونوں اوپنرز کے مابین آئر لینڈ اور انگلینڈ میں کھیلی گئی 6اننگز میں سب سے بڑی شراکت 20رنز کی رہی۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر دباوکا شکار ہونے والی بیٹنگ لائن کوٹیل اینڈرز سہارا دیتے نظر آئے ۔ پاکستانی ٹیم کی آئندہ ٹیسٹ سیریز رواں سال کے آخر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف ہونگی اور ان سیریز میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے اوپننگ کا ایک اور تجربہ خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

شیئر: