Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلفی بخاری کا معاملہ: وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

اسلام آباد: حکومت نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔ ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں درج تھا جبکہ انہیں 2 روز قبل عمرے کی ادائیگی کےلئے عمران خان اور اہل خانہ کے ساتھ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے سعودی عرب جانا تھا۔ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام نے ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث انہیں روانہ ہونے سے روک دیا تھا۔ جس کے بعد ان کا نام فہرست سے نکلوانے کیلئے کافی تگ و دو کی گئی اور وزارت داخلہ حکام کی اجازت کے بعد وہ عمران خان کے ساتھ سعودی عرب عمرے پر روانہ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کو 6 دن کےلئے عمرے پر جانے کی اجازت دی تھی۔ واضح رہے کہ ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت بھی ہے۔
 

شیئر: