فیفا ورلڈ کپ: شاندار آغاز میں چند گھنٹے باقی
ماسکو: روس میں فیفا ورلڈ کپ کا میلہ بھرپور طریقے سے سج گیا ہے، افتتاحی میچ میں روس کے مقابلے میں سعودی عرب کی ٹیم میدان میں اترے گی۔ میگا ایونٹ میں 32ممالک کی ٹیمیں زور آزمائی اور قسمت آزمائی کرنے کیلئے ایک دوسرے کے مقابل میدان میں اتریں گی۔ فٹبال کے دلچسپ اور تاریخی لمحات کو دیکھنے اور بھرپور لطف اٹھانے کیلئے دنیا بھرسے شائقین روس پہنچے ہوئے ہیں۔شائقین فٹبال کو میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ روس کی ثقافت کو بھی قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔ برازیلین ، ارجنٹائن ، پرتگال اور مصر کی ٹیمیں اپنے اپنے اسٹارز کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم بھی اپنے حریفوں کو ٹف ٹائم دے گی۔حصہ لینے والی تمام ٹیمیں کئی دنوں سے پریکٹس میچ کھیل رہی ہیں اور اپنی مہارت اور طاقت کا اندازہ کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز نیمار جونیئر نے مداحوں کو آٹو گراف بھی دئیے۔ اسپین کی ٹیم نے خوب محنت کرتی دیکھی گئی ۔فٹبال سے متعلق مشکل مگر دلچسپ ڈرلز پیش کی گئیں۔ میزبان روس کی ٹیم نے بھی افتتاحی میچ کے لئے بھرپور مشقیں کی اور ان کے فینز بھی پرجوش ہیں۔ مصری اسٹرئیکر محمد صلاح کی گراونڈ میں انٹری پر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کی صحت کے ساتھ ساتھ میچ کھیلنے کی دعا کی۔ عالمی کپ کے دوران ناخوشگوار واقعات یا ایمرجینسی کی صورت سے بچنے کیلئے روس میں انٹرنیشنل پولیس سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔