ڈوپنگ : اطالوی ٹینس اسٹار سارا ایرانی کی سزا میں اضافہ
لوزین:کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی پر اطالوی ٹینس اسٹار سار اایرانی کی معطلی کی سزا 2 ماہ سے بڑھا کر 10 ماہ کر دی جس سے ان کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ۔گزشتہ سال فروری میں سارا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ ممنوعہ دوا لیٹروزول استعمال کرنے کی مرتکب ٹھہری تھیں۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ابتدائی طور پر ان پر دو ماہ کی پابندی عائد کی تھی جس پر اطالوی ٹینس فیڈریشن نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ان کی سزا بڑھانے کی اپیل کی تھی تاہم دوسری جانب سارا نے بھی سزا ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے کیس کا جائزہ لے کرمعطلی کی سزا بڑھا کر 10 ماہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ٹینس کھلاڑی کی غلطی ہے جس کی وجہ سے ان کی سزا 2 سے بڑھا کر 10 ماہ کی گئی ہے۔سارا نے اپنے بیان میں کہا کہ سزا میں اضافے سے انہیں بے حد مایوسی ہوئی اور یہ غیر منصفانہ سلوک ہے۔ پابندی کے وقت اس کی عالمی رینکنگ 4 تھی اور اب وہ 72ویں نمبر پر پہنچ چکی ہیں جس سے ان کے کیریئر پر بھی سوالیہ نشاان لگ گیا ہے۔