Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داڑھی اور ٹوپی دیکھ کر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اسد اویسی

    حیدرآباد- - -  -صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد  بیرسٹراسدالدین اویسی نے حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر جلسہ یوم القرآن سے  خطاب کرتے ہوئے  سرینگر میں سینیئر صحافی شجاعت بخاری کے  قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ کشمیر میں گزشتہ 4برسوں کے دوران جو کچھ حالات پیش آرہے ہیں، اسے صدرمجلس نے حکومت کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ مرکزکی بی جے پی حکومت اور کشمیر میں محبوبہ مفتی کی حکومت کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے کشمیر کی صورتحال دگرگوں ہے۔ صدر مجلس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے کشمیر رپورٹ جاری کرنے پر اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ گزشتہ 4 برسوں کے دوران سرحد پر فائرنگ سے تقریباً10ہزار سے زائد افراد کے نقل مکانی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کشمیر میں امن کی برقراری میں ناکام ہوچکی ہیں۔ حکومت ‘ سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ لگاتی ہے لیکن ملک میں ہجوم کے تشدد کے واقعات مسلسل پیش آرہے ہیں۔ جھارکھنڈ میں مولانااظہرالاسلام تراویح پڑھاکر واپس ہورہے تھے ۔شرپسندوں نے انہیں جئے سری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ نعرہ نہ لگانے پر شدید زخمی کردیا۔صدر مجلس نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ کیا فرقہ پرستوں پر انڈین پینل کوڈ کی دفعات نافذ نہیں ہوں گی جنہوں نے قتل و غارتگری کے جرائم انجام دیئے؟اس ملک میں قانون کی بالادستی کب ہوگی ؟ داڑھی اور ٹوپی دیکھ کر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایسے حالات میں مسلمانوں کو ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ ہمیشہ ہمت اور حوصلہ بلند رکھنے کی ضرورت ہے ۔ہندوستان ہمارا وطن ہے ۔ اپنے وطن کو چھوڑکر نہیں جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس مجوزہ انتخابات میں پہلے سے زائد نشستیں حاصل کرے گی ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ شخصیت کا نہیں بلکہ جماعت کا ساتھ دیں ۔جماعت کو مضبوط و مستحکم کرتے ہوئے کامیاب کریں ۔
مزید پڑھیں:- - -  -دلت لڑکوں کی پٹائی،برہنہ کرکے گھمایاگیا

شیئر: