آگرہ: سوئے ہوئے کتے پر تارکول ڈال کر سڑک کا حصہ بنادیا گیا
آگرہ.... آگرہ میں تعمیراتی کارکنوں نے سڑک کی استر کاری کے دوران ایک سوئے ہوئے کتے پر ہی کھولتا ہوا تارکول ڈال کر اسے بھی سڑک کا حصہ بنادیا۔یہ کتا فوری مر گیا۔ کارکنوں نے اسے سڑک سے ہٹانے کی بھی کوشش نہیں کی۔ یہ واقعہ تاج محل کے قریب پیش آیا۔ جانوروں کے حقوق کے ادارے کے نگرانوں کا کہناہے کہ کتا اس وقت سو رہا تھا۔ اسے بھگانے کے بجائے اسی پر تارکول ڈالا گیا اور سڑک کے ساتھ ہی اسکا آدھا جسم دب گیا۔ پی ڈبلیو ڈی کے حکام نے استر کاری کا کام ایک ذیلی کمپنی کو سونپا تھا اورانہوں نے اسی کمپنی پر سارا الزام دھر دیا۔ جانوروں کے حقوق کے کارکنوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کی گاڑیاں ضبط کرلیں اور کام رکوا دیا۔ کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار کو جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ تھانے کے داروغہ نے کہا کہ اس کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ علاقے میں رہنے والے ایک شخص کا کہناہے کہ کتے کی ٹانگیں تارکول میں دبی ہوئی تھیں او ریہ اسی تارکول سے جل کر ہلاک ہوا۔ کارکنوں نے دبے ہوئے کتے کو ہٹانے کیلئے سڑک کھودنے سے بھی انکار کردیا۔