ماسکو: فٹبال کے عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ فاتح ٹیم بننے کے بعد اس منصب کو برقرار رکھنا اور اس کے تقاضے پورے کرنا بھی بہت اہم ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 4ایسی ٹیمیں ہیں جو عالمی ٹرافی حاصل کرنے کے بعد اگلے مقابلوں میں پہلے راؤنڈ میں منصب کے تقاضے کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئیں۔
آج جرمنی کا حال بھی ویسا ہی ہے جیسا اس سے پہلے اٹلی کا تھا جو 1950کے مقابلوں کی فاتح ٹیم تھی، اسی طرح ارجنٹائن ہے جس نے 1982اور1990میں ورلڈ کپ حاصل کیا، اسی صف میں فرانس بھی ہے جو 2002کی فاتح ٹیم ہے اور اسی فہرست میں اسپین بھی ہے جو 2014میں میں فاتح ٹیم بنی۔
یہ تمام ٹیمیں ایسی ہیں جو مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئیں۔ جرمنی اور میکسیکو کے درمیان ہونے والے مقابلے میں میکسیکن ٹیم کی برتری واضح تھی۔ جرمنی کو اب سویڈن سے مقابلہ کرنا ہے مگر اس سے پہلے اسے اپنی دفاعی لائن کی بہتری کا سوچنا ہوگا۔ دوسری طرف برازیل کی ٹیم ہے جسے گزشتہ مقابلوں میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر توقع یہی تھی کہ وہ اس داغ کو دھونے کی پوری کوشش کرتے ہوئے حالیہ مقابلوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائے گی مگر سوئٹزلینڈ کے خلاف مقابلے میں اس کی کارکردگی سے شائقین کو صدمہ ہوا۔