اردو اکیڈمی جدہ کے اراکین کا سہ ماہی اجلاس و عید ملن تقریب
جدہ ( امین انصاری ) اردو اکیڈمی جدہ کی عید ملن تقریب کے موقع پر سہ ماہی اجلاس کارگزار صدر شیخ ابراہیم کی صدارت میں محمد عبدالسلام کے گھر پر منعقدہوا ۔ میزبان عبدالسلام اور ان کے صاحبزادگان محمد خالد ، محمد جاوید اور محمد مجاہد نے اراکین اردو اکیڈمی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا ۔کارگزار صدر شیخ ابراہیم نے کہا کہ عید پر گلے ملنا یقینا روایت ہے لیکن ہر مومن گلے ملنے کے ساتھ ساتھ اپنے دل بھی ملائے ۔اس مبارک موقع پر اپنے دلوں کو کینہ ، کپٹ اور بغض سے پاک کرلیں ۔ جنرل سیکریٹری اردو اکیڈمی جدہ سلیم فاروقی نے کہا کہ عید کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم غیروں کو بھی اپنے سینے سے لگا کر اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ دیار غیر میں عید اپنوں کے ساتھ نہ سہی لیکن اپنے دوست احباب کے ساتھ مناتے ہوئے بھی اپنوں کا احساس ہوتا ہے ۔تارکین اپنی خوشیوں میں غریبوں اور ناداروں کو بھی شامل کرکے عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا جاتا ہے ۔ بعد ازاں اکیڈمی کا سہ ماہی اجلاس منعقد ہوا ۔جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عنقریب جدہ میں اکیڈمی کا سہ ماہی ادبی و معلوماتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کیلئے اراکین کی منظوری لی گئی ۔ اس پروگرام میں اردو زبان کو فروغ دینے اور عوام الناس کی اردو نالج کو بڑھاوا دینے کیلئے بیت بازی ، کوئز مقابلے اور ادھورے اشعار کو مکمل کرنے جیسے مقابلے رکھے جائیں گے ۔خازن عبدالسلام نے بتایا کہ اردو اکیڈمی جدہ وطن عزیز حیدرآباد دکن میں ہر سال اہل اردو اور بہترین اساتذہ کو گولڈ میڈل عطا کرتی ہے تاکہ ان کی پذیرائی ہو ۔اردو میڈیم مدارس کے ہزاروں طلباءکیلئے کتابیں ، اسکولی بیگ ،یونیفارم اور دیگر اشیاءضروریہ اکیڈمی کے سرپرست اعلیٰ غلام صمدانی کی نگرانی میں تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ حیدرآباد میں مقیم صدر اردو اکیڈمی سید جمال اللہ قادری نے اجلاس کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اردو کے فروغ کیلئے ہر ممکن جدوجہد کرنے کی تلقین کی ۔ اجلاس میں شریک اراکین سید محمد خالد حسین مدنی ، محمد لیاقت علی خان ، سمیع فاروقی ، محمد اسلم افغانی ، حافظ محمد عبدالسلام اور دیگر نے اردو داں طبقہ سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کرکے اردو سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیں ۔میزبان حافظ محمد عبدالسلام نے مہمانوں کی روایتی حیدرآبادی شیرخورمہ ،عطر اور دیگر لوازمات سے توازع کی جبکہ کمسن فردوس محمد جاوید اور محمدمصطفی مدنی نے مہمانوں کو پھول پیش کئے ۔