افغان عوام زندگی کا نیا باب شروع کریں، شاہ سلمان
جدہ .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آرزو ظاہر کی ہے کہ کاش عید الفطر کے دوران افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا سمجھوتہ زیادہ لمبی مدت کا احاطہ کرلے۔ ایوان شاہی نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز عید الفطر کے دوران طالبان اور افغان حکومت کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے سمجھوتے سے غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہیں اس مبارک اقدام پر انتہائی خوشی ہے۔ وہ فریقین کو اس پر مبارکباد دیتے ہیں اور انکی آرزو ہے کہ کاش افغان عوام کی خاطرامن و امان کیلئے کوشاں تمام فریق مذکورہ سمجھوتے کو بنیاد بناکر اس میں توسیع کریں اور اسکے دورانیہ میں اضافے پر متفق ہوجائیں۔ جنگوں کی تباہ کاریاں جھیلنے والے افغان بھائی اور انکے ساتھ دنیائے اسلام کے تمام لوگ چاہتے ہیں کہ ماضی کی کہانیاں لپیٹ دی جائیں اور رواداری ، مصالحت ، تشدد کی مخالفت اور بے قصور انسانوں کی سلامتی کی خاطر سب لوگ زندگی کا نیا باب شروع کریں۔ اسلام کی عظیم تعلیمات سے سبق لیں۔ تفرقہ ختم کریں۔ اچھے کاموں میں تعاون کریں۔ عفو و درگزر سے کام لیں اور سارے بھائی مصالحت کی طرف بڑھیں۔ شاہ سلمان نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ افغان بھائیوں کو اپنے ملک کے مفاد پر متفق ہونے ، مصالحت کرنے اور برادر افغانستان اور اسکے عزیز عوام کیلئے امن و استحکام کی توفیق عطا فرمائے۔