نوا زشریف اور مریم کا نام ابھی ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکتا،نگراں وزیر
اسلام آباد ...نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ پوری قوم سے وعدہ ہے کہ بروقت انتخابات یقینی بنانے کے لئے نگران حکومت تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے گی۔پرامن انتخابا ت کے لئے حساس اور حساس ترین پولنگ ا سٹیشنوں میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست موصول ہوگئی ۔ نگران وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی اس درخواست پر غور و خوص کر رہی ہے۔ نواز شریف اور مریم کا نام اس وقت ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکتا ۔ وطن واپسی پر معاملے کا جائزہ لیا جائے گا ۔اس وقت نواز شریف کی اہلیہ اور مریم نواز کی والدہ بیمار اور تشویشناک حالت میں ہیں۔ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا یہ بھی مینڈیٹ ہے کہ ملک میں صاف ،شفاف ،غیر جانبدارانہ اور بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔آئین کے آرٹیکل 19 اور 19-A کے تحت آزادی اظہار رائے ،میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں اور ہر معاملے پر میڈیا ،عوام کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شفاف ،غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسی لئے صوبوں میں سابقہ حکومتوں کے ادوار میں تعینات بیوروکریسی میں تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ آج بھی کچھ تبدیلیاں ہونی ہیں ۔ایک سوال پر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ اگر کسی کا نام ای سی ایل میں ہو تو اسے باہر جانے کی اجازت کے لئے کابینہ کا فیصلہ ضروری ہوتا ہے۔زلفی بخاری کے بیرون ملک جانے کے بعد یہ کہا گیا کہ ای سی ایل میں نام تھا اور بیرون ملک چلا گیا ۔ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے سپریم کورٹ کا فیصلہ اور قانون میں طریقہ کار ہے۔کابینہ فیصلہ کرتی کہ کس کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ہے اور کس کا نکلنا ہے لیکن اس شخص کا نام ای سی ایل میں تھا ہی نہیں اس لئے کابینہ کے فیصلے کی ضرورت نہیںتھا ۔زلفی بخاری کا نام ای سی ایل پر نہیں بلیک لسٹنگ میں تھا ۔بلیک لسٹنگ میں نام کے انداراج یا اخراج کے لئے کابینہ کے فیصلے کی ضرورت نہیں ہوتی اور نہ اس کے لئے کوئی پیچیدہ پراسیس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کے حوالے سے رپورٹس پر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ یہ ممکن نہیں کہ کسی حساس ترین پولنگ ا سٹیشن کو سیکیورٹی کے بغیر چھوڑ دیں۔الیکشن کے دوران سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔