عرب امارات کی پولیس نے خاتون سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو گرفتار کرلیا
دبئی..... ہندوستانی خاتون کیساتھ زیادتی کی کوشش کے الزام میں بنگلہ دیشی شہری کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔ ایک دفتر میں سیکریٹری کی خدمات انجام دینے والی خاتون مارچ 2018ءکو ساڑھے نو بجے شب معمول کے مطابق جم جا رہی تھی۔ جب وہ پارکنگ ایریا سے گزری تو اس نے ایک نامعلوم 38سالہ بنگلہ دیشی فرد کو دیکھا۔اس وقت پارکنگ ایریا خالی تھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیشی آناً فاناً ہراساں کرکے موقع سے فرار ہو گیا۔ خاتون نے اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر موبائل فون کے ذریعے پولیس کو دی جو چند منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس والوں نے ملزم کو شناخت کرنے کے لیے خاتون کو گاڑی میں بٹھا لیا جہاں وہ دس منٹ تک النہدہ کے علاقے میں سڑکوں پر پھرتے رہے اچانک خاتون کو ہراسگی کا نشانہ بنانے والا بنگلہ دیشی دکھائی دیا جس پر پولیس نے اسے فوراً گرفتار کر لیا۔ملزم نے عدالت میں اپنے جرم کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ خاتون کی شکایت پر ہم النہدہ کے علاقے میں پہنچے۔ خاتون کو پولیس کی گاڑی میں سوار کرا کے ملزم کی تلاش میں پھرتے رہے۔ اچانک ایک زیر تعمیر عمارت کے پاس خاتون نے ملزم کو دیکھتے ہی چلا کر کہا کہ یہی وہ شخص ہے جس نے اسے ہراسگی کا نشانہ بنایا ہے۔ ملزم خاتون کے چلانے پر گھبرا اٹھا جس پر فوراً اسے گرفتار کرلیا گیا۔ مقدمے کا فیصلہ 26 جون 2018 کو سنایا جائے گا۔