چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا آخری ایڈیشن
بریڈا، ہالینڈ: چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا 37واںاور آخری ایڈیشن ہالینڈ کے شہر بریڈا میں شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستان سمیت6ٹیمیں شریک ہیں۔ اس ایونٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ آخری چیمپئنز ٹرافی ہے جس کے بعد اس ایونٹ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان کی تجویز پر شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن 1978میں پاکستان نے ہی جیتا تھا ۔ بریڈا میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں جن میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا، اولمپک چیمپیئن ارجنٹائن اور میزبان ہالینڈ کے علاوہ بیلجیئم،ہند اور پاکستان شامل ہیں۔بیلجیئم، ہند اور پاکستان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر ائیر مارشل (ریٹائرڈ ) نور خان نے چیمپیئنز ٹرافی کا خیال پیش کیا تھا اور انھوں نے ہی اس ٹورنامنٹ کے لیے خصوصی طور پر ٹرافی تیار کرائی تھی۔پہلی چیمپیئنز ٹرافی 1978 میں لاہور میں منعقد ہوئی تھی جس میں5 ٹیمیں شریک ہوئی تھیں اور پاکستانی ٹیم نے اصلاح الدین کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔پاکستان 3مرتبہ 1978، 1980 اور 1994 میں چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔آخری بار پاکستان نے شہباز احمد کی قیادت میں کامیابی حاصل کی تھی۔ٹورنامنٹ میں شریک پاکستانی ٹیم کے کپتان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پہلے ایڈیشن کی طرح وہ آخری ایڈیشن میں پاکستان کو کامیابی دلا کر اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔پاکستانی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ کے لئے زبر دست تیاری کی ہے اور ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ کے بعد کراچی اور ہالینڈ میں بھی تربیتی کیمپ لگائے گئے تھے۔