طاہر القادری انتخابی عمل سے الگ‘ امیدواروں کو دستبرداری کا حکم
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی اے ٹی کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نظام کو شفاف کرنے کے ساتھ عوام میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے نام پر جو جرم ہو رہا ہے وہ اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی نظام کو بدعنوانی سے پاک کرنے کی جنگ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہم بائیکاٹ نہیں بلکہ بطور جماعت انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔