Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سموگ میں کمی اور فضائی معیار میں بہتری کی توقع، پاکستان میں آج سے بارشوں کا امکان

جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں ہلکی بارش کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج جمعرات سے سنیچر تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
اسی طرح جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری، گلیات، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بارش کے باعث اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں جاری سموگ میں کمی ہو سکتی ہے۔
حکام محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے سلسلے سے فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہونے کی بھی توقع ہے تاہم بارشوں کے بعد پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دُھند ہو سکتی ہے۔
متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات کی شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی ہلکی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 16 نومبر تک پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جمعرات کو بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ممکنہ بارشوں سے سموگ میں کمی کے بھی امکانات ہیں۔

شیئر: