یمنیوں کیخلاف حوثیوں کی مجرمانہ سرگرمیاں طشت از بام
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس یمنی بھائیوں کو مصائب کے بھنور سے نکالنے کےلئے عسکری ، سیاسی اور انسانی کاوشوں کو مربوط کرنے اور مقررہ حکمت عملی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی غرض سے منعقد کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد مشترکہ ابلاغی جدوجہد میں ربط و ضبط پیدا کرنا ، ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے جرائم کو طشت از بام کرنے ، گمراہ کن میڈیا کا مقابلہ کرنے کی خاطر ابلاغی پیغامات کی ترسیل تھا۔ اسکا ایک مقصد یمنی بھائیوں کے خلاف مجرمانہ حملوں اور سازشوں سے ابلاغی سطح پر نمٹنا بھی تھا۔
وزرائے اطلاعات و نشریات نے واضح کیا کہ حوثی باغی ایران کی شرانگیزیوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں جبکہ وہ خطے میں امن و استحکام کو تہہ و بالا کرنے والے ایرانی عزائم کو پانی دے رہے ہیں۔ حوثیوں کی سازشوں اور ایرانیوں کے توسیع پسندانہ پروگراموں کا دائرہ یمنیوں پر جارحانہ حملوں اور انکی زمینوں پر قبضے تک محدود نہیں رہا۔ انہوں نے دسیوں بیلسٹک میزائل داغ کر سعودی عرب کے امن و امان کو بھی خطرات سے دوچار کردیا۔سعودی فضائیہ نے بروقت کارروائی کرکے میزائل حملوںکو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ و برباد کردیا۔ سعودی فضائیہ کے جوانوں نے اس حوالے سے انتہائی جرا¿ت اور بیداری کا مظاہرہ کیا۔ حوثیوں نے اپنے مجرمانہ حملوں سے مقدس شہر مکہ مکرمہ تک کو نہیں بخشا۔ انہوں نے اپنے کردار سے واضح کردیا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کو اسلامی مقامات کے تقدس کی کوئی پروا نہیں۔ انہی وجوہ کی بناءپر عرب اتحادیوں کیلئے ضروری ہوگیا تھا کہ وہ یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے جدوجہد کریں،آئینی حکومت کو بحال کریں اور ایران کے دم چھلے حوثیوں کی ابلاغی دروغ بیانیوں کو طشت از بام کرنے کیلئے میڈیا کے ہاتھ مضبوط کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭