محمود ڈوگر کی جانب سے ریاض میں عشائیہ ، کمیونٹی کی بھرپور شرکت
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما محمود ڈوگر کی جانب سے کمیونٹی ممبران کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے علاوہ سرکردہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر محمود لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے اچھے کردار کی بدولت دنیا بھر میں عزت اور بلند مرتبہ پایا ہے۔ ہمیں اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ ہم دنیا کے جس ملک میں بھی رہیں ہمیں اس ملک کے قوانین پر کاربند رہنا چاہئے اور اسلامی تعلیمات کے تحت دیگر اقوام کے ساتھ بہتر حسن سلوک روا رکھنا چاہئے کیونکہ ملک سے باہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے اور اس پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے وطن کا نام روشن کرے۔ میزبان محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بطور پاکستانی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان ہمارا ملک اور فخر بھی ہے۔