Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی باغی جان لیں کہ اب ایران انکی مدد کو نہیں آسکتا ، یمنی وزیر خارجہ

عدن .... یمنی وزیر خارجہ خالد الیمانی نے کہا کہ حوثیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایران اب انکی مدد کےلئے نہیں آسکتا ۔ حدیدہ کمشنری کی فتح کے بعد اب مکمل فتح قریب ہو گئی ہے ۔ حوثی باغیو ںکے سامنے اب ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ۔ عاجل ویب نیوز نے عرب ٹی وی سے کی گئی یمنی وزیر خارجہ کی گفتگو کے حوالے سے لکھا ہے کہ حدیدہ کی بندرگاہ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے بعد یمنی فوج کے لئے حالات مزید بہتر ہوگئے ہیں ۔ الحدیدہ کمشنری کی بندرگاہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یمنی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حوثیوں نے سمندری علاقے میں جو بارودی سرنگوں کا جال بچھایا ہے اسے ناکارہ بنانے میں 8 برس سے زائد عرصہ درکار ہو گا ۔ بارودی سرنگوں کی وجہ سے خطے میں بین الاقوامی سمندری سفر کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔ بارودی سرنگیں اس انداز میں اور اتنی زیادہ تعداد میں لگائی گئی ہیں کہ انہیں چند دنوں یا چند ماہ میں نکالنا ناممکن ہے جس کےلئے اعلی درجے کے ماہرین اور آلات درکار ہونگے جبکہ اہم ترین فیکٹر وقت ہے ۔ خالد الیمانی نے مزید کہا کہ یمنی فوج کی کامیابی کے بعد حوثی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا کریں ۔ حوثیوں نے اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریوچ سے بھی کسی قسم کا مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا جس میں مارٹن نے حوثیوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر انکی جانب سے الحدیدہ میں عسکری کارروائیاں کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں ۔ یمانی نے مزید کہا کہ اب حوثی ملیشیاءکے سامنے اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ وہ شہر سے کوچ کر جائیں اور وہ اس بات کا بھی یقین کر لیں کہ ایران اب انکی مدد کو نہیں آسکتا ۔ 
 
 

شیئر: