مملکت میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے ، المسند
ریاض.... قصیم یونیورسٹی میں جغرافیہ شعبے کے نگران عبداللہ المسند نے کہا ہے کہ رواں ہفتے مملکت میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ رہے گا ۔ گرمی کی شدت سے بچیں اور بلا اشد ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔سبق نیوزنے ماہر ارضیات ڈاکٹر المسند کے حوالے سے مزید کہا کہ موسم گرما عروج پر ہے آئندہ ہفتے بھی مملکت کے بیشتر شہروں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ گرمی کی شدت سے بچنے کی خاطر براہ راست دھوپ میں کام نہ کریں ۔ جو افراد کھلے مقامات پر جاتے ہیں وہ سر پر رومال وغیر ہ کا اہتمام کریں اور زیادہ وقت کھلی دھوپ میں نہ رہیں جس سے سن اسٹروک ہونے کا اندیشہ پیدا ہو جاتا ہے ۔ المسند نے مزید کہا کہ دوپہر 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک سورج کی تپش انتہائی شدید ہوتی ہے ا س لئے ان اوقات میں خاص احتیاط برتیں اور براہ راست دھوپ میں آنے سے اجتناب برتیں ۔ وہ افراد جو دوپہر میں باہر کام کرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سورج کی الٹرا وائیلٹ شعاﺅں سے بچنے کےلئے دھوپ کے چشمے استعمال کریں تاکہ انکی آنکھیں متاثر نہ ہوں ۔ گرمی کی شدت اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کےلئے پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ کریں کیونکہ گرمی سے جسم کا پانی پسینے کے ذریعے خارج ہو جاتا ہے جس کی کمی کو پورا کرنے کےلئے زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے ۔