شوہر ،بیوی اور’’ وہ ‘‘کے چکر میں ٹریفک جام
مراد نگر ۔۔۔۔۔میاں بیوی اور ’’وہ ‘‘کے چکر میں دہلی میرٹھ شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ فیملی’’ ڈرامہ‘‘ دیکھنے کیلئے سڑک پر گاڑیوں کی قطار لگ گئی۔ اطلاع کے مطابق زوجین دہلی کے رہنے والے تھے ۔ شوہر کا الزام تھا کہ اس کی بیوی کے دوسرے مرد سے تعلقات ہیں اور وہ اسکے ساتھ ہری دوار جارہی تھی۔شوہر کو پہلے سے اس کی اطلاع مل گئی تھی ۔ جب بیوی اپنے دوست کے ہمراہ دہلی سے روانہ ہوئی تو شوہر نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی میرٹھ شاہراہ پر واقع وردھمان پور پولیس چوکی کے قریب اوورٹیک کرکے بیوی کی گاڑی رکوا لی۔ اس کے بعد خاتون کو نکال کر زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑدیئے۔ بیوی کو بچانے کیلئے اس کا دوست آگے بڑھا تو دونوں میں مارپیٹ شروع ہوگئی۔لوگ شاہراہ پر تقریباً20منٹ تک میاں بیوی اور ’’وہ ‘‘کے مابین جم کر مارپیٹ کا نظارہ دیکھتے رہے جس سے ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شوہر بیوی اور اس کے دوست کو حراست میں لے لیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ اس کا شوہر گھر کے اخراجات کیلئے رقم نہیں دیتا۔وہ نوکری کی تلاش میں اپنے دوست کے ہمراہ جارہی تھی۔پولیس نے شوہر کی شکایت پر رپورٹ درج کرکے ملزم کو میڈیکل ٹیسٹ کیلئے اسپتال بھیج دیا ۔