چنے وٹان اور معدنیات سے بھرپور غذا ہیں جو کئی طبی خصوصیات کے حامل ہیں ۔ چنوں میں فولاد ، وٹامن بی 6 ، میگنیشیم ، پوٹاشیم اور کیلشیم کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے ۔ چنوں میں فاسفورس ، تانبے اور میگنیز کی بھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے ۔ چنا وزن کم کرنے کے لیے بھی بہترین غذا ہے ۔ یہ بے جا بھوک کو کنٹرول رکھنے میں مدد دیتا ہے اور نظام ہضم کو بھی بہتر بناتا ہے ۔ تحقیق سے بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد دو ماہ تک چنے کو اپنی بنیادی غذا میں شامل رکھیں وہ بآسانی آٹھ پونڈ وزن کم کر سکتے ہیں ۔
چنے میں ریشے کی کثیر مقدار اسے نظام ہضم کیلئے مفید بناتی ہے ۔ یہ ریشہ آنتوں کی صحت اور مضبوطی کے لیے اہم ہے اور قبض اور دیگر تکلیف دہ بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔ جسم میں کولیسٹرول کی بڑھتی سطح امراض قلب اور فالج میں مبتلا ہونے کے خطرے کو بڑھا دیتی ہیں ۔ چنے کے مفید غذائی اجزاء کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ چنوں میں فولیٹ اور میگنیشیم کی بھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے جو خون کی نالیوں کو صحت مند بنانے اور ہارٹ اٹیک سے محفوظ رکھنے کے لئے اہم ہے ۔ چنے سے خاطر خواہ پروٹین حاصل ہوتا ہے ۔ اگر اسے کسی اناج مثلاً ثابت گندم کی روٹی کے ساتھ کھایا جائے تو انسان کو گوشت یا ڈیری مصنوعات جتنی پروٹین حاصل ہوتی ہیں اور ایک بڑا فائدہ یہ ملتا ہے کہ نباتاتی پروٹین زیادہ سیچوریٹیڈ فیٹس نہیں رکھتی ۔ چنے اور دیگر دالیں کھانے والے افراد ذیابیطس قسم 2 کا شکار نہیں ہوتے ۔ مزید برآں اس میں موجود سیپو ننز سرطان اور ہڈیوں کی بوسیدگی سے محفوظ رکھتے ہیں ۔