فیفا ورلڈ کپ میں” اون گول“کا20سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا
ماسکو: ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کے دوران نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں اور فیفاورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اون گول یا اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کرنے کا 20 سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ سویڈن کے خلاف گروپ ایف کے میچ میں میکسیکو کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی سے خود اپنی ٹیم کے خلاف گول ہو گیا، جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں زیادہ اون گولز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا۔ یہ اس ورلڈ کپ کا ساتواں اون گول تھا، اب تک کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 6 اون گول 1998 کے ورلڈ کپ میں ہوئے تھے جبکہ 2014 کے عالمی کپ میں 5 ، 2006 اور 1954 کے عالمی کپ میں 4، 4 اون گول ہوئے تھے۔کوسٹاریکا کے خلاف میچ میں سوئٹزرلینڈ کے گول کیپر سے لگ کر فٹ بال گول میں جا پہنچی، جس کے ساتھ ہی یہ ورلڈ کپ میں ہونے والا 8واں اون گول بن گیا۔ابھی ورلڈ کپ کے 22میچ باقی ہیں اور 8 اون گول ہو چکے ہیں، دیکھنا یہ ہے اپنے ہی خلاف گول کرنے کا یہ سلسلہ کہاں جا کر رکتا ہے۔ جنوبی کوریا کی ٹیم عالمی کپ میں دفاعی چیمپیئن کو شکست دینے والی ایشیا کی پہلی ٹیم بھی بن گئی ۔گروپ ایف میں ہی میکسکو اور سویڈن کے درمیان میچ میں جہاں اون گول کا عالمی ریکارڈ بنا، وہیں ایک اور ریکارڈ بھی بنا۔میچ کے محض 13ویں ہی سیکنڈ میں میکسکو کے دفاعی کھلاڑی جیسس گلارڈو کو پیلا کارڈ دکھایا گیا، جو اب تک عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے کم وقت میں کسی بھی کھلاڑی کو دکھایا جانے والا پہلا یلوکارڈ ہے۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین ریڈ کارڈ کا ریکارڈ یوراگوائے کے ہوزے پیٹاسٹا کو حاصل ہے، جنہیں 1986 کے عالمی کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے پہلے ہی منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔