Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صارفین بجلی کے بھاری بل سے پریشان، بل کی متنازعہ رقم کی فوری ادائیگی سے استثنیٰ

 ریاض..... سعودی بجلی کمپنی نے واضح کیا ہے کہ بل کی متنازعہ رقم فی الفور ادا کرنا ضروری نہیں۔ یہ وضاحت بجلی کے بھاری بل سے صارفین کے واویلا کرنے اور مملکت بھر میں اس حوالے سے چیخ و پکار کرنے کے بعد جاری کی گئی ہے۔ بجلی کمپنی نے بھاری بل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دو بڑے سبب ہیں۔ پہلی وجہ تو یہ ہے کہ موسم گرما میں ایئر کنڈیشن اور بجلی کے آلات کا استعمال غیر معمولی طور پر بڑھا ہوا ہے۔ دوسرا سبب یہ ہے کہ بجلی کے نرخناموں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔ بجلی کمپنی کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر صارفین نے بل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگادیئے۔ بیشتر صارفین نے مطالبہ کیا کہ بل کی رقم پر نظر ثانی کی جائے اور غیر معمولی بل طلب کرنے کے اسباب بیان کئے جائیں۔ کمپنی نے صارفین سے کہا کہ جسے اپنے بل پر کوئی اعتراض یا اشکال ہو وہ رابطہ مرکز ، آن لائن اور ٹویٹر اکاﺅنٹ پر رابطہ کرے۔کمپنی کا کہناہے کہ بجلی بل کا 70فیصد حصہ ایئرکنڈیشن کے استعمال سے تعلق رکھتا ہے۔ کمپنی نے 28جون کو 90لاکھ صارفین کے بجلی بل جاری کئے ہیں۔ہزاروں صارفین کا کہناہے کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اس ماہ جو بجلی کی ریڈنگ لی گئی ہے وہ درست نہیں۔ کمپنی نے اس حوالے سے جو اہم ضابطے جاری کئے ہیں ان میں نمایاں ترین یہ ہیں کہ اگر کسی صارف کو بل کے صحیح نہ ہونے کا شکوہ ہو تو وہ متنازعہ رقم فی الفور ادا کرنے کا پابند نہیں۔ بجلی کمپنی نے اس صورت میں صارف کی شکایت کی بابت جو حکمت عملی جاری کی ہے وہ یہ ہے کہ اگر شکایت کنکشن کاٹنے سے قبل کی گئی تو ایسی صورت میں کمپنی کنکشن کاٹنے کی مقررہ تاریخ آجانے پر بھی کنکشن نہیں کاٹے گی۔ کمپنی کو بل پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ اسے مندرجہ ذیل نکات کا جائزہ لینا ہوگا کہ آیا صارف نے بجلی معمول کے مطابق صرف کی ہے۔ آیا میٹر صحیح طریقے سے کام کررہا ہے۔ کمپنی نظر ثانی کے بعد صارف کو رپورٹ جاری کریگی اور ساتھ ہی اس سے بل ادا کرنے کا مطالبہ بھی کریگی۔ اگر صارفین مطمئن نہ ہوا اور اس نے میٹر کے معائنے کا مطالبہ کیا تو اسے میٹر کا معائنہ کرانے کیلئے 150ریال فیس ادا کرنا ہوگی۔ اگر میٹر درست ثابت ہوا تو ایسی صورت میں بل ادا کرنا صارف پر فر ض ہوگا اور اسے میٹر کے معائنے کی فیس واپس نہیں کی جائیگی البتہ بجلی کمپنی صارف کو برقی تنظیم بورڈ کے یہاں داد رسی کا حق فراہم کریگی۔ اگر میٹر میں گڑبڑ ثابت ہوگئی تو ایسی صورت میں میٹرکے معائنے کی فیس صارف کو واپس کردی جائیگی او راسے نیا میٹر فراہم کیا جائیگا۔ بشرطیکہ پرانے میٹر کی مرمت ممکن نہ ہو۔ بجلی کمپنی کا کہناہے کہ اگر صارف نے شکایت کنکشن کاٹے جانے کے بعد کی تو ایسی صورت میں کمپنی کو فوری کارروائی کرنا ہوگی۔ دیکھنا ہوگا کہ صارف نے بجلی معمول کے مطابق استعمال کی یا نہیں۔ کنکشن کی بحالی کی فیس 50ریال ہوگی۔ یہ اسی صورت میں ہوگا جب صارف بل ادا کردیگا اگر اس نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور میٹر کے معائنے کی بات کی تو 150ریال لیکر معائنہ کیا جائیگا۔اور رپورٹ کے مطابق معاملہ کیا جائیگا اگر میٹر درست ثابت ہوا تو صارف کو مطلع کردیا جائیگا اور فیس واپس نہیں ہوگی۔ البتہ اسے بجلی بورڈ میں کمپنی کے خلاف داد رسی کا حق حاصل ہوگا۔ اگر میٹر غلط ثابت ہوا تو اس صورت میں معائنہ فیس واپس ہوگی علاوہ ازیں بجلی کی بحالی کیلئے لی گئی رقم بھی واپس کرنا ہوگی۔
 

شیئر: