پولنگ کا دورانیہ بڑھا کر 10 گھنٹے کردیا گیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا دورانیہ ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق 25 جولائی کو پولنگ کا عمل بلا کسی رکاوٹ کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرئع کے مطابق پولنگ کا وقت بڑھانے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی شرکت زیادہ سے زیادہ یقینی بنانا ہے۔ واضح رہے کہ معمول کے مطابق پولنگ کا وقت صبح 8 تا شام 5 بجے تک ہوتا ہے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی کہ یہ وقت بڑھا کر رات 8 بجے تک کردیا جائے جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا تھا۔