Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خونی” بلو وہیل“ مملکت پہنچ گئی، 12 سالہ عبدالرحمان گیم کا شکار ہو گیا

ریاض .... بلو وہیل گیم کی ہلاکت مملکت تک پہنچ گئی ۔ خونی کھیل نے ایک 12 سالہ عبدالرحمان الاحمری کی جان لے لی ۔ عاجل ویب نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ دنیا بھر میں تہلکہ مچا نے والا خونی گیم ” بلو وہیل“ مملکت میں پہنچ گیا ۔ کھیل کا شکار قصیم ریجن میں 12سالہ عبدالرحمان نے خود کو پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ۔ پولیس وقوعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ دریں اثناءالعربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمان کے والد نے کہا کہ اس کا بیٹا سیکنڈری کلاس کا طالب علم تھا ۔ اس میں کبھی کوئی غیر معمولی تبدیلی محسوس نہیں کی ۔ بیٹے کے پاس اسکا اپنا موبائل فون بھی نہیں تھا البتہ وہ گھر کا کمپیوٹر استعمال کرتا تھا ۔ جس دن واقعہ ہوا اس نے روزہ رکھا ہوا تھا اور ہم سب کے ساتھ اس نے افطار بھی کیا جس کے بعد وہ اپنے کمرے میں چلا گیا ۔ والد نے مزید کہا کہ گھر والے تیار ہو کر جب باہر جانے لگے تو عبدالرحمان کو آواز دینے کے باوجود وہ نہیں آیا تو اس کی تلاش شروع ہوئی ۔ وہ اپنے کمرے میں بھی دکھائی نہیں دیا جبکہ سارے گھر میں بھی نہیں تھا ۔ پڑوس میں بھی اس کے بارے میں معلوم کروایا گیا مگر کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ جس پر ہم سب پریشان ہو گئے اور عبدالرحمان کی تلاش شروع کی جب دوبارہ اس کے کمرے میں گئے تو وہ پردے کے پیچھے لٹکا ہوا دکھائی دیا ۔ عبدالرحمان نے پردے کی ڈوری گلے میں لٹکا کر خودکشی کرلی ۔ 
 

شیئر: