سڈنی..... شمال مغربی آسٹریلیا میں ایک شارک نے ساحل پر بیٹھی خاتون کو اس وقت زخمی کردیا جب وہ خود اپنے ہاتھوں سے شارک کو کھلا پلا رہی تھی۔ پرتھ کی 34سالہ خاتون میلیسا برائوننگ آج کل چھٹیوں پر ہیں اور وہ چھٹیاں گزارنے کیلئے مغربی آسٹریلیا گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہاتھ سے شارک کھاتی رہی اوراچانک اس نے میری انگلی زخمی کردی۔ یہاں پائی جانے والی شارک دوسری شارکوں کی نسبت پرامن سمجھی جاتی ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ اسے کھلاتے ہوئے اسکے نوکیلے دانت انگلی میں لگ گئے جس سے خون بہنے لگا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ میں تو سمجھ رہی تھی کہ میری انگلی بھی یہ شارک چبا جائیگی لیکن میں بچ گئی۔ میں نے تو اپنی انگلی کی طرف بھی نہیں دیکھا کیونکہ میں سمجھ چکی تھی کہ یہ بھی شارک کا شکار بن چکی ہے۔ شکر ہے کہ انگلی اس حد تک زخمی نہیں ہوئی تھی کہ مجھے اسپتال جانا پڑتا تاہم جب میں چھٹیاں ختم کرکے گھر واپس پہنچی تو اس میں انفیکشن ہوچکا تھا۔ جس کے لئے مجھے سرجری کرانا پڑی اور ایکسرے سے معلوم ہوا کہ یہ انگلی ٹوٹ چکی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ میں نے شارک کو ہاتھوں سے کھلا کر غلطی کی۔ انہوں نے دوسرے لوگوں سے بھی کہا کہ وہ شارکوں کو اپنے ہاتھوں سے نہ کھلائیں۔