بے نظیر سے خوفزدہ لوگ آج بلاول سے ڈرتے ہیں‘ زرداری
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جو لوگ بے نظیر سے خوف کھاتے تھے وہ آج بلاول بھٹو سے خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری نے ثابت کردیا ہے کہ وہ آج بھی بھٹو ہی کا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر پتھراؤ اور ڈنڈوں سے حملے کا واقعہ رونما ہوا تھا جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ جیالے صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔آصف زرداری نے کہا کہ جو لوگ صبر سے کام لیتے ہیں ان کا نشانہ خطا نہیں ہوتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ اور عوام بلاول بھٹو کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے قائد عوام کا پرچم سنبھالا ہے۔ اُدھر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمن نے نگراں حکومت سے بلاول بھٹو زرداری کی عوامی اجتماعات میں مکمل سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔