Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری خزانے کے محافظ

سعودی عرب سے شائع ہونے والے جریدے ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سرکاری خزانے کے تئیں فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر پبلک کنٹرول بورڈ کے اہلکاروں کے حوصلے بلند کردیئے۔ انہوں نے ایک طرف تو انہیں لامحدود سرپرستی کا احساس دلایا اور دوسری جانب 353اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ ریال کا انعام بھی جاری کردیا۔ شاہ سلمان نے اس حوالے سے ایک پیغام یہ بھی دیا کہ پبلک کنٹرول بورڈ کی ذمہ داری بہت نازک ،بیحد اہم اور انتہا درجے کی باریک بینی کی طلب گار ہے۔ کنٹرول بورڈ کے اہلکار ان تینوں باتوں کا دھیان رکھ کر شاندار نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ سرکاری املاک اور قومی اثاثوں کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے قائد اعلیٰ نے اس سلسلے میں نئی روایت یہ استوار کی ہے کہ پبلک کنٹرول بورڈ کو کابینہ کی قراردادیں نافذ کرنے اور شاہی احکام کو روبہ عمل لانے کیلئے چوکس کیا ہے۔ زیر نگرانی سرکاری اداروںکے مالیاتی امور پر باریک بینی سے نظر رکھنے اور حساب کتاب شفاف بنانے پر بھی زور دیا ہے۔
اعلیٰ قیادت کی لامحدود تائید و حمایت کے تناظر میں پبلک کنٹرول بورڈ کی ذمہ داری دو چند ہوجاتی ہے۔ مملکت میں ہمہ جہتی اصلاحات ، نئے تقاضوں کی تکمیل کیلئے قانون سازی، سرکاری خزانے کی حفاظت اور بدعنوانی کے انسدا د نے وطن عزیز میں نیاماحول پیدا کیا ہے۔ بدعنوانی تعمیر و ترقی کیلئے مہلک زہر ہے۔ اس کےخلاف آہنی پنجے کا استعمال ہی مملکت کو سرخرو اور پوری دنیا میں سر بلند کرے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: