پاکستان کے سوشل میڈیا پر ان دنوں صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کے قریب دریائے سندھ میں پائے جانے والے سونے کے ذرات سے متعلق اچانک ایسا شور اٹھا ہے کہ پڑوسی ملک انڈیا تک اس کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔
ہوا کچھ یوں ہے کہ پنجاب کے سابق نگراں وزیر ابراہیم مراد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ اٹک کے قریب 800 ارب روپے کے سونے کے ذخائر نکل آئے ہیں۔ یہ 28 لاکھ تولے سونا 32 کلومیٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
تیل کہاں ہے؟ ’ذخائر کی تلاش میں پاکستانی وزرا کی پرواز‘Node ID: 419291
-
آرامکو کے تیل اور گیس کے ذخائر کا تخمیہ 259 بلین بیرلNode ID: 868531
سوشل میڈیا کے بعد پاکستان کے مقامی میڈیا نے بھی اس خبر کو نمایاں خبر کے طور پر نشر کیا ہے جبکہ انڈین اخبارات بھی یہ سرخیاں لگا رہے ہیں کہ ’پیسے کو ترسنے والے پاکستان میں 28 لاکھ تولے سونا نکل آیا لیکن کیا طالبان یہ پارٹی کرنے دیں گے؟‘
اٹک پر واقع دریائے سندھ میں سونے کی کہانی آج یا اچانک شروع نہیں ہوئی بلکہ یہ دہائیوں پرانی ہے۔ ماہرین اس بات کا سراغ آج تک نہیں لگا سکے کہ شمالی علاقہ جات کے بلند و بالا پہاڑی سلسلوں سے گزرنے والا دریائے سندھ کون سی جگہ سے گزرتا ہے کہ یہ معدنیات کے ساتھ ساتھ سونے کے ذرات بھی اپنے پانیوں کے ساتھ میدانی علاقے میں لے آتا ہے۔
تاہم یہ بات ثابت شدہ ہے کہ جب دریائے سندھ اٹک کے مقام پر دریائے کابل سے ملتا ہے تو اس کے پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہوتی ہے اور یہ اٹک کے علاقے میں معدنیات کو ریت کے حوالے کر دیتا ہے جس میں سونے کے ذرات بھی موجود ہوتے ہیں۔
پنجاب کے محکمہ معدنیات کے ایک اعلٰی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کی اردو نیوز کو بتایا کہ ’دریائے سندھ میں سونے کے ذرات لاکھوں برسوں سے آرہے ہیں اور اس سونے کو اکٹھا کرنے والے ’پکھی واسوں‘ کو ’سونے وال‘ کہا جاتا ہے اور یہ گلگت سے پنجاب تک پھیلے ہوئے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 2017 میں جب ایک چینی کمپنی کو دریا سے ریت اٹھانے کا ٹھیکہ دیا گیا تو وہ ریت کے ساتھ ساتھ سونا بھی نکالنے لگی جس کے بعد حکومت نے اس کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا۔
پنجاب کا محکمہ معدنیات اس وقت سے علاقے پر تحقیقات کروا رہا ہے۔ تربیلا اور میانوالی کے درمیان 32 کلومیٹر کے رقبے پر کئی سال تک ہونے والی تحقیق گذشتہ برس ستمبر میں مکمل ہوئی
اس تحقیق کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی پنجاب کی وزارت داخلہ نے گذشتہ برس ستمبر میں دریائے سندھ سے سونا نکالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی اور خلاف ورزی پر 50 سے زائد مقدمات بھی درج کیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دریائے سندھ کے جس علاقے میں سونے کے ذرات کی نشان دہی ہوئی ہے اس میں دریا کا کافی علاقہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی آتا ہے، تاہم یہ پابندی اور سونے کی کھوج پنجاب حکومت نے اپنے علاقے میں کروائی ہے۔
محکمہ معدنیات کے ایڈیشنل سیکریٹری اشفاق الرحمان نے بتایا کہ ’یہ پابندی ہم نے اس لیے لگائی تھی کہ یہاں کئی برسوں سے سونے کی موجودگی کے معاملے پر تحقیق ہو رہی تھی۔‘
’ہمیں ایسے شواہد ملے تھے کہ یہاں بڑی مقدار میں سونا موجود ہے، تاہم اس کا ٹھیکہ ایسی کمپنی کو دیا جانا چاہیے جسے اس کام کا تجربہ ہو۔‘
حال ہی میں پنجاب حکومت نے معدنیات کے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی ٹھیکہ دینے کی اجازت دے دی ہے، اس سے پہلے قانون کے مطابق صرف مقامی کمپنیوں کو کان کنی کی اجازت حاصل تھی۔
اہم بات یہ ہوئی ہے کہ پنجاب حکومت خاموشی سے یہ معاملات طے کر رہی تھی جبکہ سابق صوبائی نگراں وزیر نے اس رپورٹ کے مندرجات سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے جو حکومت نے ظاہر نہیں کیے تھے۔
جس جیولوجیکل سروے کا ذکر سابق نگراں صوبائی وزیر نے سوشل میڈیا پر کیا وہ بھی سابق نگراں حکومت کے دور میں جاری تھا۔
ان کی پوسٹ سے یوں ظاہر ہوا جیسے کہیں سے اچانک سونا نکل آیا ہے۔ سابق نگراں وزیر کی پوسٹ کے بعد موجودہ وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے بھی ان مندرجات کی تصدیق کر دی ہے۔
مبصرین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ رپورٹ کے مندرجات کو ایسے وقت میں کیوں سامنے لایا گیا جب وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سونے کی تحقیق کے لیے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کے حتمی اجلاس کی صدارت کرنے والی تھیں جس میں ٹھیکہ دیے جانے کے حوالے سے فیصلہ بھی کیا جانا تھا۔