ممبئی میں ریکارڈ بارش،مکانات منہدم
ممبئی۔۔۔۔۔ممبئی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 165 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ممبئی کے مضافات میں 184 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ بوری ولی ایسٹ میں 3 مکانات منہدم ہوگئے۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ حادثہ رات کو 10 بجے پیش آیا۔
ممبئی میں وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کی وجہ سے سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔وزیر تعلیم ونود تاوڑے نے کہا کہ ممبئی میں10سے 12مقامات پر پانی جمع ہے ۔ اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز سے معلومات حاصل کی گئی ہےوزیر اعلی فڑنویس نے بتایا کہ ممبئی کی سڑکوں سے نکاسی آب کیلئے150پمپ نصب کردیئے گئے ہیں۔ نشیبی علاقے پانی جمع ہونے سے تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں۔ٹریفک کا برا حال ہے۔
وڈالا ریلوے اسٹیشن کی پٹریاں پانی میں ڈوب گئی ہیں جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیرہورہی ہے۔ ممبئی کا دل کہی جانیوالی لوکل ٹرین کی رفتار سست پڑنے کی وجہ سے ممبئی کی دھڑکن بھی تھم سی گئی ہے۔مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اہلکار نکاسی آب کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔