عصر حاضر میں تعدد زوجات ضروری ، شادی مطلقہ، بیوہ اور معمر کنواری سے کی جائے، المطلق
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
ریاض.... سعودی سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن اور مشیر ایوان شاہی ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے واضح کیا ہے کہ عصر حاضر میں تعدد زوجات ضروری ہے بشرطیکہ ایک سے زیادہ شادی کسی مطلقہ، بیوہ یا معمر کنواری سے کی جائے۔ وہ سعودی چینل ون کے معروف پروگرام " فتاویٰ" میں سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مطلقہ خواتین سے شادیاں کرنے والے پر اخراجات میں توازن ضروری ہے۔ انہوں نے کثرت زوجات میں دلچسپی رکھنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ وزارت تعلیم یا وزارت صحت یا سرکاری و نجی اداروں و کمپنیوں کی ملازم خواتین سے شادیوں کا اہتمام کریں۔ ملازمت پیشہ خواتین نیک سیرت ، شوہر کے ساتھ نہ صرف یہ کہ تعاون کیلئے تیار رہتی ہیں بلکہ ان کے ساتھ فیاضانہ معاملہ بھی کرتی ہیں۔ انہیں ایسا شوہر عزیز ہوتا ہے جو ان کا اعزاز و کرام اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ عزت و محبت سے پیش آئے۔ المطلق نے کسی منصوبہ بندی اور نظم و ضبط کے بغیر ایک سے زیادہ شادیاں کرنے والے مردوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص بھی کثرت زوجات کا خواہشمند ہو اسے دوسری بیوی کے حقوق ادا کرنے کے حوالے سے اپنا احتساب بھی کرلینا چاہئے۔ پہلی بیوی کے حقوق میں کسی طرح کی کوئی کوتاہی نہ کرے۔ وجہ یہ ہے کہ پہلی بیوی بنیادی طور پر خاندان کی انچارج ہوتی ہے ، اولاد کی ماں ہوتی ہے اور دکھ سکھ کی ساتھی ہوتی ہے۔ المطلق نے سوال کیا کہ جو شخص پہلی بیوی کا نان نفقہ ادا کرنے کی پوزیشن میں نہ ہو وہ دوسری شادی کا مجاز کیونکر ہوسکتا ہے۔ ہر انسان کو اپنی چادر کے مطابق ہی پاﺅں پھیلانے چاہئیں۔ 2017ءکے دوران سعودی عدالتوں نے 53 ہزار طلاق نامے جاری کئے۔ مملکت میں معمر کنواریوں کی شرح 10.07 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کامطلب یہ ہے کہ شادی کے قابل ہر 1 0 سعودی لڑکیوں میں سے ایک معمر کنواری ہے۔